برسبین : عالمی نمبر ون اور دفاعی چیمپئن آرینا سبالینکا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیرولینا موچووا کو 4-6، 3-6 سے شکست دے کر برسبین انٹرنیشنل کے فائنل میں مسلسل تیسری بار رسائی حاصل کر لی۔
سبالینکا رواں سال کے اپنے پہلے ٹورنامنٹ میں شاندار فارم میں دکھائی دے رہی ہیں۔ سیمی فائنل سے قبل انہوں نے گزشتہ مرحلے میں آسٹریلین اوپن کی دفاعی چیمپئن میڈیسن کیز کو اسٹریٹ سیٹس میں شکست دی تھی۔
میچ سے قبل توقع کی جا رہی تھی کہ موچووا سخت مقابلہ کریں گی، کیونکہ وہ اپنے تخلیقی کھیل کے لیے مشہور ہیں اور سبالینکا کے خلاف سابقہ مقابلوں میں برتری رکھتی تھیں۔ تاہم سبالینکا نے ان تمام اعداد و شمار کو نظر انداز کرتے ہوئے دوسرے ہی گیم میں بریک حاصل کر کے میچ پر گرفت مضبوط کر لی۔
پہلا سیٹ سبالینکا نے طاقتور بیس لائن شاٹس اور شاندار بیک ہینڈ ونر کی بدولت اپنے نام کیا۔ دوسرے سیٹ میں موچووا نے بہتر مزاحمت کی، مگر سبالینکا نے 4-5 پر بریک لے کر میچ اپنے حق میں ختم کر دیا۔
آسٹریلین اوپن پر نظریں، سبالینکا پراعتماد
میچ کے بعد سبالینکا نے کہا کہ دوسرے سیٹ کے اختتام پر مقابلہ سخت ہو گیا تھا، مگر وہ اسٹریٹ سیٹس میں کامیابی پر خوش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موچووا کو آخری گیمز میں موقع دینا خطرناک ہو سکتا تھا۔
چار بار کی گرینڈ سلام چیمپئن سبالینکا کی نظریں اب 18 جنوری سے شروع ہونے والے آسٹریلین اوپن میں اپنے تیسرے ٹائٹل پر مرکوز ہیں۔ فائنل میں ان کا مقابلہ امریکی جیسیکا پیگولا یا یوکرینی مارٹا کوسٹیوک سے ہو گا۔
دوسری جانب مردوں کے مقابلوں میں تین امریکی کھلاڑی سیمی فائنل میں ایکشن میں ہوں گے، جہاں الیگزینڈر کوواسیوچ کا مقابلہ برینڈن ناکاشیما سے جبکہ الیکس میکیلسن روس کے ٹاپ سیڈ دانیئل میدویدیف سے فائنل میں جگہ بنانے کیلئے ٹکرائیں گے۔









