مولانا سلطان محمد وزیر

وانا میں بم دھماکا، جے یو آئی (ف) کے سینئر رہنما شہید

وانا : جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا بازار میں ہفتے کے روز ہونے والے آئی ای ڈی دھماکے میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینئر رہنما اور وفاق المدارس العربیہ کے ضلعی صدر مولانا سلطان محمد وزیر شدید زخمی ہونے کے بعد شہید ہو گئے۔

پولیس کے مطابق دھماکا ایک مقامی طور پر تیار کردہ ریموٹ کنٹرول آئی ای ڈی کے ذریعے کیا گیا، جو ایک دینی مدرسے کے قریب نصب کی گئی تھی۔ حملے کا ہدف مولانا سلطان محمد وزیر تھے، جو دھماکے کے وقت اپنی کمسن بیٹی کے ہمراہ موجود تھے۔

دھماکے میں شدید زخمی ہونے والے مولانا سلطان محمد وزیر کو فوری طور پر علاج کیلئے ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کیا جا رہا تھا تاہم وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔

لوئر جنوبی وزیرستان کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) محمد طاہر شاہ وزیر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے شواہد اکٹھے کر کے تمام پہلوؤں سے واقعے کا جائزہ لے رہے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان کا ردعمل

جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مولانا سلطان محمد وزیر کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ حملہ صرف ایک فرد پر نہیں بلکہ اعتدال، امن اور جمہوری سوچ پر حملہ ہے، جس کی جے یو آئی (ف) دہائیوں سے نمائندگی کرتی آ رہی ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top