وزیراعلیٰ سہیل آفریدی

تحریری اجازت نہ ملی پھربھی پی ٹی آئی کی کراچی ریلی ہوگی: سہیل آفریدی

کراچی/پشاور : وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے واضح کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف تحریری اجازت نہ ملنے کے باوجود کراچی کے باغِ جناح میں عوامی ریلی کرے گی، کیونکہ یہ ایک آئینی اور جمہوری حق ہے جسے کسی صورت محدود نہیں کیا جا سکتا۔


کراچی سے حیدرآباد روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو کراچی میں شاندار عوامی استقبال ملا ہے، جس پر وہ شہریوں کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اصل پروٹوکول عوام کی محبت ہوتی ہے، کسی سرکاری اجازت نامے کی محتاجی نہیں۔

وزیر اعلیٰ کے پی نے بتایا کہ وہ عمران خان کی ہدایت پر ملک گیر عوامی تحریک کی قیادت کر رہے ہیں، جس کا مقصد بانی پی ٹی آئی کی رہائی اور آئین و قانون کی بالادستی ہے۔ ان کے مطابق یہ تحریک مکمل طور پر پرامن رہے گی۔

انہوں نے پنجاب حکومت پر سیاسی انتقام کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو اہلِ خانہ سے ملاقات تک کی اجازت نہیں دی جا رہی، جو ناقابل قبول ہے۔ سہیل آفریدی نے کہا کہ اگر تمام سیاسی جماعتوں کو سیاست کی اجازت ہے تو پی ٹی آئی کو بھی روکا نہیں جا سکتا۔


وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبے میں فوجی آپریشن مسائل کا مستقل حل نہیں، ماضی میں ہزاروں آپریشنز کے باوجود امن قائم نہیں ہو سکا۔ ان کا کہنا تھا کہ کے پی نے دہشت گردی کے خلاف 80 ہزار سے زائد قربانیاں دی ہیں۔

سہیل آفریدی نے دہشت گردی کے خلاف وفاق، صوبوں، سیاسی جماعتوں اور سکیورٹی اداروں پر مشتمل مشترکہ حکمت عملی پر زور دیا اور کہا کہ اگر وزیر اعظم بات چیت کیلئے بلائیں گے تو وہ شرکت کیلئے تیار ہیں۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top