چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا

اسلام آباد گیس سلنڈر دھماکہ، چیئرمین سی ڈی اے کا جائے حادثہ کا دورہ

اسلام آباد (سی این پی) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر G-7/2 میں پیش آنے والے گیس سلنڈر دھماکے کے افسوسناک واقعے پر چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی جائے حادثہ کا دورہ کیا اور صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے ریسکیو اور امدادی کارروائیوں کی نگرانی کی۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے بعد ازاں متعلقہ افسران کے ہمراہ پمز ہسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی اور ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو ہر ممکن اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

تفصیلات کے مطابق، سیکٹر G-7/2 میں ایک رہائشی گھر میں صبح 07:24 منٹ پر گیس سلنڈر دھماکے کا المناک واقعہ پیش آیا۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس حادثے کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق جبکہ 11 افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔

چیئرمین سی ڈی اے نے بتایا کہ واقعے کے فوراً بعد ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا، جو کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکہ گیس لیکج کے باعث پیش آیا۔

ریسکیو آپریشن اور تحقیقات

محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سردیوں کے موسم میں گیس سلنڈرز کے غیر محتاط استعمال سے ایسے خطرناک حادثات رونما ہو سکتے ہیں، اس لیے عوام کو انتہائی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن امداد کی جائے گی اور واقعے کی شفاف انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ادھر واقعے کی اطلاع ملتے ہی کیپیٹل ایمرجنسی سروسز نے فوری طور پر ایمرجنسی آپریشن شروع کیا اور محض پانچ منٹ کے اندر جائے حادثہ پر پہنچ کر ریسکیو اور امدادی کارروائیاں انجام دیں۔ اس بروقت کارروائی کے باعث متاثرین کو فوری طبی امداد فراہم کی جا سکی۔

ریسکیو آپریشن میں کیپیٹل ایمرجنسی سروسز کے 45 فائر، میڈیکل اور ریسکیو اہلکاروں نے حصہ لیا، جبکہ 10 ایمبولینسز اور ایک ریسکیو وہیکل بھی آپریشن میں شامل رہی۔ فائر فائٹنگ، طبی امداد اور ملبہ ہٹانے کا عمل مربوط انداز میں مکمل کیا گیا۔

چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ گیس سلنڈرز اور دیگر گھریلو آلات کے استعمال میں غیر معمولی احتیاط برتیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top