بھارتی اداکارہ تاپسی پنو

شہرت یا سازش؟ تاپسی پنو نے بالی ووڈ میں منفی پی آر مہمات کا پردہ چاک کر دیا

ممبئی: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ تاپسی پنو نے بھارتی فلم انڈسٹری کے پسِ پردہ چلنے والے نظام پر کھل کر بات کرتے ہوئے ایسی حقیقتیں سامنے رکھ دی ہیں جنہوں نے شوبز حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ اداکارہ کے مطابق آج کل فلمی دنیا میں کامیابی کا معیار محنت یا ٹیلنٹ نہیں بلکہ منظم پی آر مہمات بنتی جا رہی ہیں۔

تاپسی پنو نے ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ انہوں نے گزشتہ چند برسوں کے دوران جان بوجھ کر کم کام کیا، جس کے نتیجے میں انہیں یہ مشاہدہ کرنے کا موقع ملا کہ انڈسٹری میں پبلک ریلیشنز کس حد تک اثر انداز ہو چکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقفے نے انہیں کئی تلخ سچائیوں سے روشناس کرایا۔

38 سالہ اداکارہ کے مطابق ماضی میں پی آر کا بنیادی مقصد فلم یا فنکار کے کام کو اجاگر کرنا ہوتا تھا، تاہم اب اس کا استعمال خطرناک حد تک بدل چکا ہے۔ آج کل کچھ عناصر اپنی تشہیر کے ساتھ ساتھ دوسروں کو نقصان پہنچانے کے لیے بھی منفی مہمات کا سہارا لے رہے ہیں۔

تاپسی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب کامیابی کو کسی اور کی ناکامی سے جوڑ دیا گیا ہے، جو نہ صرف غیر صحت مند رجحان ہے بلکہ تخلیقی ماحول کو بھی شدید نقصان پہنچا رہا ہے۔

مصنوعی شہرت کا کھیل

اداکارہ کا کہنا تھا کہ کئی فنکار محض خبروں میں رہنے کے لیے مصنوعی امیج بنانے پر توجہ دے رہے ہیں، کیونکہ وہ اپنے کام کے ذریعے توجہ حاصل کرنے میں ناکام رہتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ رویہ فلم انڈسٹری کے معیار کو مسلسل گرا رہا ہے۔

تاپسی پنو نے واضح کیا کہ وہ اپنی کمائی کو اپنی ذات اور اپنے قریبی لوگوں پر خرچ کرنا پسند کرتی ہیں، نہ کہ پیسے دے کر منفی مضامین یا جھوٹی خبریں پھیلوانے پر۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس دوڑ کا حصہ نہیں بننا چاہتیں۔

واضح رہے کہ تاپسی پنو حال ہی میں ہدایت کار مدثر عزیز کی فلم ’کھیل کھیل میں‘ میں جلوہ گر ہوئیں، جبکہ مستقبل میں وہ دیواشیش مکھرجی کی ہدایت کاری میں بننے والی انتقامی ڈرامہ فلم ’گندھاری‘ میں مرکزی کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top