کراچی (سی این پی) عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت پہلی بار 5 ہزار ڈالر کی حد عبور کرگئی۔ خبر ایجنسی کے مطابق عالمی منڈی میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان آج بھی برقرار ہے، اور سونے کی فی اونس قیمت تاریخ میں پہلی مرتبہ 5 ہزار ڈالر سے تجاوز کرگئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق چاندی کی قیمت میں 4 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد فی اونس چاندی 108 ڈالر میں فروخت ہونے لگی۔ اعداد و شمار کے مطابق ایک سال کے دوران سونے کی قیمت میں 82 فیصد جبکہ چاندی کی قیمت میں 243 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کے آخری کاروباری روز بھی پاکستان میں عالمی مارکیٹ کے زیر اثر 24 کیرٹ فی تولہ سونے کے دام 6500 روپے بڑھ کر 521,162 روپے کی ریکارڈ سطح پر جا پہنچے تھے، جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 5,583 روپے اضافے سے 446,812 روپے کی بلند ترین سطح پر رہی۔
اسی طرح چاندی کی فی تولہ قیمت 526 روپے اضافے کے ساتھ 10,801 روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی، جبکہ عالمی منڈی میں فی اونس سونا 65 ڈالر مہنگا ہو کر 4,988 ڈالر کی سطح تک جا پہنچا تھا۔









