اسلام آباد (سی این پی): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس میں جدید ترین مانیٹرنگ سسٹم شکرا کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ یہ جدید نظام پاسپورٹس کی درخواست، پرنٹنگ اور مجموعی کارکردگی کی ریئل ٹائم نگرانی فراہم کرے گا۔ وزیر داخلہ کو سسٹم کی مکمل تفصیلات سے بریفنگ دی گئی، جس میں 24/7 مانیٹرنگ روم اور کال سنٹر فعال ہونے کی معلومات شامل تھیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ نئے نظام کے تحت پاکستان اور دنیا بھر میں پاسپورٹ درخواستوں اور ڈیلیوری کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ ممکن ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا مقصد شہریوں کو عالمی معیار کی تیز رفتار اور محفوظ خدمات فراہم کرنا ہے۔ ڈیجیٹل انٹیگریٹڈ ڈیش بورڈ کی مدد سے روزمرہ آپریشنز اور تمام عملے کی کارکردگی کی نگرانی اور ایویلیوایشن بھی ممکن ہوگی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ مانیٹرنگ کے جدید نظام سے محکمہ پاسپورٹس کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی جبکہ پاسپورٹ کے سکیورٹی فیچرز ICAO اسٹینڈرڈز کے مطابق اپڈیٹ کیے گئے ہیں۔ جرمن آٹومیٹک مشینوں کے استعمال سے پرنٹنگ میں انسانی مداخلت مکمل طور پر ختم کر دی گئی۔ انہوں نے ای مانیٹرنگ روم، کال سنٹر، فرانزک لیب اور جدید پروڈکشن یونٹ کا بھی دورہ کیا۔
اس موقع پر ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس، چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد پولیس اور دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔ نئے نظام کے تحت پاسپورٹ دفاتر میں رش کی خودکار نشاندہی، بیک لاگ اور مشینری سٹیٹس کی نگرانی بھی ممکن ہوگی، جس سے عوامی خدمات کی رفتار اور شفافیت میں اضافہ ہوگا۔









