فلپائن میں مسافر کشتی حادثہ، 15 افراد ہلاک

فلپائن میں مسافر کشتی حادثہ، 15 افراد ہلاک، درجنوں لاپتہ

منیلا (سی این پی) فلپائن کے جنوبی صوبے باسیلان کے قریب 350 سے زائد افراد کو لے جانے والی ایک مسافر کشتی الٹنے سے کم از کم 15 افراد ہلاک جبکہ 28 تاحال لاپتہ ہیں۔ حادثہ ایسے وقت پیش آیا جب جہاز زامبوانگا سے جزیرہ جولو کی جانب رواں دواں تھا۔ فلپائنی حکام کے مطابق ریسکیو آپریشن جاری ہے اور زندہ بچ جانے والوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

مقامی حکام کے مطابق مسافر بردار جہاز ایم وی ٹرشا کرسٹن 3 زامبوانگا سے روانہ ہو کر جنوبی سولو کے جزیرے جولو جا رہا تھا کہ باسیلان کے قریب الٹ گیا۔ فلپائنی کوسٹ گارڈ کے مطابق جہاز میں ریکارڈ کے مطابق 332 مسافر اور 27 عملے کے افراد سوار تھے، کشتی نے رات تقریباً 1:50 بجے مدد کے لیے پیغام بھیجا۔

کوسٹ گارڈ کمانڈر رومیل دوا کے مطابق اب تک 316 افراد کو بحفاظت بچا لیا گیا ہے، جبکہ 15 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے اور 28 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ امدادی کارروائی میں کوسٹ گارڈ کے طیارے کے علاوہ نیوی اور ایئر فورس بھی شریک ہیں، جبکہ زخمیوں کو دارالحکومت اسابیلا کے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

باسیلان کے گورنر مجیو ہاتامان کے مطابق بیشتر متاثرین کی حالت بہتر ہے، تاہم کئی معمر مسافروں کو فوری طبی امداد کی ضرورت پڑی۔ کوسٹ گارڈ نے بتایا کہ کشتی کو روانگی سے قبل کلیئر کیا گیا تھا اور ابتدائی طور پر زیادہ بوجھ کے شواہد نہیں ملے، تاہم حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top