اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں صوبے میں ترقی، امن و امان، تعلیم و صحت اور وفاقی و صوبائی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے عالمی بینک گروپ کے صدر اجے بنگا سے پاکستان میں اقتصادی ترقی اور اصلاحات کے تعاون پر بھی بات کی۔
وزیراعظم نے صوبائی حکومت کو انسداد دہشتگردی کے لیے مضبوط اقدامات کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ خیبر پختونخوا میں تعلیم، صحت اور ترقیاتی منصوبوں پر توجہ دی جائے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور باہمی مشاورت قومی یکجہتی اور خوشحالی کے حصول کے لیے ناگزیر ہے۔
اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی نے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح کے اقدامات کے حوالے سے وزیراعظم کو بریفنگ دی اور وفاقی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
دریں اثنا، وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے عالمی بینک گروپ کے صدر اجے بنگا سے ملاقات کی اور کہا کہ انفراسٹرکچر، زراعت، توانائی، انسانی وسائل، مالیاتی اصلاحات، روزگار کے مواقع، ڈیجیٹل ترقی اور نجی سرمایہ کاری میں عالمی بینک گروپ کی معاونت قابل تحسین ہے۔
اجے بنگا نے حکومت پاکستان کی جاری اصلاحاتی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ “ون ورلڈ بینک گروپ” کے تحت تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے قریبی ہم آہنگی اور نجی وسائل کے موثر استعمال میں اضافہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کے اہداف کے حصول میں تعاون جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔









