اسلام آباد۔6 مارچ (کے این ڈی نیوز) – بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کے لیے بنگلہ دیشی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ سیریز 11 مارچ سے ڈھاکا میں شروع ہوگی جبکہ دوسرا اور تیسرا میچ بالترتیب 13 اور 15 مارچ کو کھیلا جائے گا۔ نئی شکل میں منتخب کیے گئے اسکواڈ میں چند تجربہ کار اور چند نوجوان کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔
اسکواڈ میں مڈل آرڈر بلے باز عفیف حسین کی نمایاں واپسی ہوئی ہے جو آخری مرتبہ دسمبر 2024 میں ون ڈے میچ میں نظر آئے تھے۔ اس کے علاوہ مہید الاسلام بھویان کو بھی برقرار رکھا گیا ہے جنہیں گزشتہ سال اکتوبر میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اعلان کردہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا۔
دوسری جانب لٹن داس کو حالیہ ون ڈے کارکردگی توقعات کے مطابق نہ ہونے کے باوجود ٹیم میں برقرار رکھا گیا ہے۔ سلیکشن کمیٹی کے مطابق وہ کوچنگ اسٹاف کے ساتھ اپنی فارم بہتر بنانے پر کام کر رہے ہیں اور ٹیم مینجمنٹ کو امید ہے کہ وہ جلد بہترین کارکردگی دکھائیں گے۔
تاہم اس بار نورال حسن، جاکر علی انیک اور شمیم حسین کو اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔ اسی طرح فاسٹ بولرز حسن محمود اور تنزیم حسن ساکب انجری کے باعث سیریز سے باہر ہیں اور امکان ہے کہ وہ ماہ کے اختتام تک مکمل فٹ ہو جائیں گے۔
بنگلہ دیشی سکواڈ اور سیریز شیڈول
پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے بنگلہ دیشی اسکواڈ میں مہدی حسن میراز (کپتان)، سومیا سرکار، سیف حسن، تنزید حسن، نجمل حسین شانتو، توحید ہردوئے، لٹن داس، عفیف حسین، مہید الاسلام بھویان، رشاد حسین، تنویر اسلام، مستفیض الرحمان، تسکین احمد، شرف الاسلام اور نہید رانا شامل ہیں۔
سیریز کا پہلا ون ڈے میچ 11 مارچ کو کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا میچ 13 مارچ اور تیسرا میچ 15 مارچ کو ڈھاکا کے شیرِ بنگلہ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔









