بارش کے بعد بنگلہ دیش ڈھیر، پاکستان کی بڑی جیت

بارش کے بعد بنگلہ دیش ڈھیر، پاکستان کی بڑی جیت

ڈھاکہ: بارش کے بعد بنگلہ دیش ڈھیر ہو گئی اور بڑا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ پاکستان نے شاندار بیٹنگ اور مؤثر بولنگ کی بدولت بنگلہ دیش کو 128 رنز سے شکست دے کر بڑی جیت اپنے نام کر لی۔ اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے تین میچوں کی ون ڈے سیریز ایک ایک سے برابر کر دی جبکہ فیصلہ کن مقابلہ اب آخری میچ میں ہوگا۔

میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی ٹیم 47.3 اوورز میں 274 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ اوپنر معاذ صداقت نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 46 گیندوں پر 75 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 5 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔

صاحبزادہ فرحان نے 31 جبکہ شامل حسین 6 رنز بنا سکے۔ محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 44 رنز بنائے جبکہ سلمان علی آغا نے 64 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔

بنگلہ دیش کی جانب سے رشاد حسین نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مہدی حسن میراز نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ تسکین احمد، مستفیض الرحمان اور ناہید رانا کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

بارش کے بعد ہدف تبدیل، بنگلہ دیش ٹیم ڈھیر

بنگلہ دیش نے 6.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 27 رنز بنائے تھے کہ بارش شروع ہو گئی۔ بارش رکنے کے بعد بنگلہ دیش کو 32 اوورز میں 243 رنز کا ہدف ملا۔

تاہم بنگلہ دیشی ٹیم ہدف کے تعاقب میں مشکلات کا شکار رہی اور پوری ٹیم 23.3 اوورز میں 114 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ لٹن داس 41 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے معاذ صداقت اور حارث رؤف نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔

سیریز کا تیسرا اور آخری میچ اتوار کو ڈھاکہ میں کھیلا جائے گا جبکہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز پی ٹی وی سپورٹس ایچ ڈی پر براہ راست دکھائی جا رہی ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top