سٹیفن کولبرٹ (Stephen Colbert) نے اپنی مشہور ٹاک شو “دی لیٹ شو” (The Late Show) کے اختتام کے بعد اپنے اگلے بڑے پراجیکٹ کا اعلان کر دیا ہے: وہ ایک نئی “لارڈ آف دی رنگز” فلم لکھیں گے جس کا عارضی عنوان “دی لارڈ آف دی رنگز: شیڈو آف دی پاسٹ” (The Lord of the Rings: Shadow of the Past) رکھا گیا ہے۔
فلم ساز پیٹر جیکسن (Peter Jackson)، جنہوں نے “لارڈ آف دی رنگز” اور “دی ہوبٹ” ٹرائلوجیز کی ہدایتکاری کی، نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو میں یہ اعلان کیا۔ کولبرٹ معروف ٹولکین کے مداح ہیں اور وہ جیکسن کی 2013 کی فلم “دی ہوبٹ: دی ڈیسولیشن آف سماؤگ” (The Hobbit: The Desolation of Smaug) میں اپنی اہلیہ اور بچوں کے ساتھ مختصر کیمیو بھی کر چکے ہیں۔
ڈیلائن (Deadline) کے مطابق اس فلم کو کولبرٹ، فلپا بوئینز (Philippa Boyens) اور پیٹر مک گی (Peter McGee) لکھیں گے۔ کہانی فروڈو کی وفات کے 14 سال بعد شروع ہوگی، جس میں سَم، میری اور پِپن اپنے سفر کے ابتدائی مراحل کو دوبارہ تلاش کرنے نکلتے ہیں، جبکہ سَم کی بیٹی ایلانور ایک “طویل عرصے سے چھپا ہوا راز” دریافت کرتی ہے جو جنگِ رنگ سے جڑا ہوا ہے۔
کولبرٹ نے جیکسن کے ساتھ ایک ویڈیو میں بتایا کہ انہیں یہ کہانی “دی فیلوشپ آف دی رنگ” (The Fellowship of the Ring) دوبارہ پڑھنے کے بعد سوجھی، خاص طور پر وہ ابواب جو فلم میں شامل نہیں کیے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایسی کہانی بنانا چاہتے تھے جو کتابوں اور فلموں دونوں کے ساتھ مکمل وفادار ہو۔
کولبرٹ نے مزید بتایا کہ انہوں نے اپنے بیٹے کے ساتھ مل کر اس کہانی کا خاکہ تیار کیا اور کئی سال بعد جاکر انہوں نے یہ آئیڈیا جیکسن کے سامنے پیش کیا، جسے بعد میں اسٹوڈیو نے بھی پسند کیا۔ فلم کی پروڈکشن پیٹر جیکسن کے ساتھ ساتھ فیلیپا بوئینز اور فران والش (Fran Walsh) کریں گے۔
یہ فلم ٹولکین کی دنیا میں آنے والی دوسری نئی فلم ہے۔ اس سے قبل “لارڈ آف دی رنگز: دی ہنٹ فار گولم” (The Hunt for Gollum) کا اعلان کیا گیا ہے، جو 17 دسمبر 2027 کو ریلیز ہوگی اور اس کی ہدایتکاری اینڈی سرکیس (Andy Serkis) کریں گے۔
لارڈ آف دی رنگز اور ہوبٹ کی چھ فلموں نے مجموعی طور پر 5.9 ارب امریکی ڈالر کی کمائی کی ہے۔









