طلبہ کی تعلیمی کارکردگی پر اساتذہ کی حوصلہ افزائی کے اثرات ت

طلبہ کی تعلیمی کارکردگی پر اساتذہ کی حوصلہ افزائی کے اثرات

تحریر : رمشاء بنت طارق

تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہوتی ہے، اور اس بنیاد کو مضبوط بنانے میں اساتذہ کا کردار نہایت اہم ہوتا ہے۔ ایک باحوصلہ اور پُرجوش استاد نہ صرف علم منتقل کرتا ہے بلکہ طلبہ کے اندر سیکھنے کا شوق بھی پیدا کرتا ہے۔ طلبہ کی تعلیمی کارکردگی پر اساتذہ کی حوصلہ افزائی کے اثرات بہت گہرے اور مثبت ہوتے ہیں۔
جب استاد اپنے پیشے سے مطمئن اور پُرعزم ہو تو وہ کلاس روم میں بہتر تیاری کے ساتھ آتا ہے، جدید تدریسی طریقے استعمال کرتا ہے اور طلبہ کی انفرادی ضروریات کو سمجھنے کی کوشش کرتا ہے۔ اس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ طلبہ زیادہ توجہ سے پڑھتے ہیں، سوالات پوچھتے ہیں اور تعلیمی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔ ایک مثبت اور دوستانہ تعلیمی ماحول طلبہ کے اعتماد میں اضافہ کرتا ہے، جس سے ان کی کارکردگی بہتر ہوتی ہے۔
طلبہ تعلیم کے کسی بھی شعبے سے منسلک ہوں، استاد کا رویہ ہر عمر اور ہر شعبے میں مختلف انداز سے اثر انداز ہوتا ہے۔ موجودہ دور میں اساتذہ کو طلبہ کے ساتھ نرمی اور شفقت سے پیش آنا چاہیے، لیکن ساتھ ہی ایسا وقار اور توازن بھی برقرار رکھنا ضروری ہے کہ استاد اور طالب علم کے درمیان مناسب حد قائم رہے۔ اساتذہ کی حوصلہ افزائی کے اثرات (Teachers encouragement impact on students) نہ صرف طلبہ کی تعلیمی کارکردگی کو بہتر بناتے ہیں بلکہ ان کی شخصیت اور اعتماد کی تشکیل میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
اساتذہ کو طلبہ پر غیر ضروری دباؤ نہیں ڈالنا چاہیے بلکہ تحمل اور صبر کے ساتھ انہیں سمجھانا چاہیے۔ کسی بھی شعبے یا جماعت میں کسی طالب علم کی کمزوری کو سب کے سامنے ظاہر نہیں کرنا چاہیے، بلکہ آسان انداز میں موضوع کو اس طرح سمجھانا چاہیے کہ مطلوبہ پیغام متعلقہ طالب علم تک بھی پہنچ جائے اور اسے شرمندگی بھی محسوس نہ ہو۔
تعلیم میں مختلف ہم نصابی سرگرمیوں کو بھی شامل کیا جانا چاہیے کیونکہ یہ طلبہ کی شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ طلبہ کو باقاعدہ طور پر غصے پر قابو پانے، برداشت پیدا کرنے اور دوسروں کے احساسات کو سمجھنے کی مشق کروائی جائے۔ یہی اوصاف انہیں نہ صرف ایک کامیاب طالب علم بلکہ ایک اچھا انسان بھی بناتے ہیں۔

اگے آپ کہاں جانا چاہیں گے؟

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top