پاکستان یو اے ای تعاون

پاکستان اور یو اے ای کا دوطرفہ تعاون و سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد: پاکستان یو اے ای تعاون کو نئی جہت دینے کے لیے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے قریبی رابطے، امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے مشترکہ اہداف کے حصول کا اعادہ کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے تمام اہم پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور یو اے ای کے درمیان اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری، توانائی، بنیادی ڈھانچے، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور عوامی روابط کو مزید فروغ دینے پر زور دیا گیا۔ قیادت نے دوطرفہ تجارت میں اضافے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔

دونوں رہنماؤں نے خطے اور عالمی سطح پر جاری اہم پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا اور باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی مشاورت اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کی توثیق کی۔

یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کا یہ دورہ پاکستان دونوں برادر ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔


یو اے ای صدر کا پرتپاک استقبال

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان اپنے پہلے سرکاری دورۂ پاکستان پر راولپنڈی پہنچے، جہاں نور خان ایئربیس پر معزز مہمان کو 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزراء نے صدر کا استقبال کیا۔ چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے یو اے ای صدر کو سیلوٹ کیا جس پر شیخ محمد بن زاید النہیان نے پُرتپاک اور باوقار انداز میں جوابی سیلوٹ پیش کیا۔

اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے اور پاک افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

پاک فضائیہ کا شاندار ایئر ایسکارٹ

صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے طیارے کو پاکستانی فضائی حدود میں داخلے پر پاک فضائیہ کے جدید JF-17 تھنڈر بلاک III طیاروں کے چھ رکنی دستے نے رسمی ایئر ایسکارٹ فراہم کیا، جو پاکستان اور یو اے ای کے مضبوط برادرانہ تعلقات کا عملی مظہر ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top