پولیو کیسز میں کمی

ملک میں پولیو کیسز میں کمی، ویکسین سے محروم بچوں میں 18 فیصد کمی

ملک میں رواں سال پولیو کیسز میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، تعداد 2024 میں 74 سے کم ہو کر 2025 میں 30 رہ گئی، جبکہ ویکسین سے محروم رہ جانے والے بچوں کی تعداد میں 18 فیصد کمی آئی ہے۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) کے مطابق 15 سے 21 دسمبر تک جاری قومی پولیو مہم کے دوران ملک بھر میں 98 فیصد سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین فراہم کی گئی۔

این ای او سی کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رواں سال انسدادِ پولیو کی چھ مہمات چلائی گئیں، جن میں سے پانچ قومی سطح پر منعقد ہوئیں۔ ان مسلسل اقدامات کے نتیجے میں ستمبر 2025 کے بعد ملک کے کسی بھی حصے سے پولیو کا کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا، جو انسدادِ پولیو پروگرام کی مؤثر حکمتِ عملی کی عکاسی کرتا ہے۔

بیان کے مطابق ویکسینیشن مہمات کے دوران چاروں صوبوں کے علاوہ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں بھی مجموعی طور پر بہتر کارکردگی دیکھنے میں آئی، جبکہ جنوبی خیبر پختونخوا میں رسائی اور عملی نتائج میں واضح بہتری ریکارڈ کی گئی۔ پولیو ورکرز، سکیورٹی ادارے اور مقامی انتظامیہ مشترکہ طور پر فیلڈ میں سرگرم رہے۔

این ای او سی نے واضح کیا ہے کہ اگرچہ بعض علاقوں میں چیلنجز اب بھی موجود ہیں، تاہم بہتر مائیکرو پلاننگ، کمیونٹی شمولیت اور ہدفی اقدامات کے ذریعے ان خلا کو پُر کیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق 2025 میں حاصل ہونے والی پیش رفت کو بنیاد بنا کر 2026 میں پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے اقدامات مزید تیز کیے جائیں گے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top