اسلام آباد : دنیا بھر میں نیا سال 2026 شاندار آتشبازی، روشنیوں، موسیقی اور عوامی اجتماعات کے ساتھ شروع ہوا۔ ایشیا، یورپ، مشرقِ وسطیٰ، امریکا اور کینیڈا سمیت مختلف خطوں میں لاکھوں افراد نے سرد موسم اور سکیورٹی انتظامات کے باوجود سال نو کا پرتپاک استقبال کیا۔
دبئی، لندن، پیرس، سڈنی اور نیویارک جیسے بڑے عالمی شہروں میں آتشبازی اور لائٹ شوز کو خصوصی اہمیت حاصل رہی، جب کہ کئی ممالک میں ماحولیات اور سیکیورٹی خدشات کے باعث محدود مگر منظم تقریبات منعقد کی گئیں۔
مشرقِ وسطیٰ اور ایشیا میں رنگا رنگ تقریبات
متحدہ عرب امارات میں دبئی کے علاقے برج خلیفہ کے اطراف روشنیوں اور آتشبازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا، جہاں دنیا بھر سے آئے سیاحوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں ہاربر برج اور اوپیرا ہاؤس کے اطراف روایتی آتشبازی نے نئے سال کے آغاز کا اعلان کیا۔
ایشیا کے دیگر شہروں میں بھی لیزر شوز، موسیقی اور عوامی تقریبات منعقد ہوئیں، تاہم بعض مقامات پر آتشبازی کے بجائے ماحول دوست لائٹ شوز کو ترجیح دی گئی۔
امریکا اورکینیڈا کے بڑے شہروں میں جشن
امریکا میں نیویارک کے ٹائمز اسکوائر پر روایتی بال ڈراپ تقریب منعقد ہوئی، جسے لاکھوں افراد نے براہِ راست اور ٹی وی نشریات کے ذریعے دیکھا۔ لاس ویگاس اسٹرپ، شکاگو، میامی اور لاس اینجلس میں بھی آتشبازی اور تقریبات ہوئیں۔
کینیڈا کے بڑے شہروں ٹورنٹو، وینکوور اور مونٹریال میں واٹر فرنٹس اور ڈاؤن ٹاؤن علاقوں میں آتشبازی کے مظاہرے دیکھنے میں آئے، جب کہ کئی مقامات پر فیملی فرینڈلی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔
یورپ: روایتی جشن، کچھ مقامات پر محتاط انداز
برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں دریائے ٹیمز کے کنارے آتشبازی اور لائٹ شو منعقد ہوا، جب کہ فرانس کے شہر پیرس میں ایفل ٹاور کے اطراف روشنیوں اور تقریبات نے توجہ حاصل کی۔
آئرلینڈ میں ڈبلن سمیت مختلف شہروں میں عوامی اجتماعات اور محدود آتشبازی ہوئی، جب کہ سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں روایتی انداز میں لوگوں نے نئے سال کا استقبال کیا، جہاں بڑے پیمانے کی آتشبازی کے بجائے اجتماعات اور ثقافتی تقریبات نمایاں رہیں۔









