پاکستان ترکیہ سعودی عرب دفاعی تعاون

ترکیہ کی پاکستان، سعودیہ دفاعی معاہدے میں شمولیت کی تیاری

اسلام آباد / انقرہ (سی این پی)
ترکیہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان طے پانے والے اسٹریٹجک دفاعی معاہدے میں شمولیت کا خواہاں ہے، جس سے مشرقِ وسطیٰ اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال میں اہم تبدیلی آ سکتی ہے۔ یہ انکشاف عالمی خبر رساں ادارے بلومبرگ کی رپورٹ میں کیا گیا ہے۔

بلومبرگ کے مطابق اس معاملے پر بات چیت حتمی مراحل میں داخل ہو چکی ہے اور معاہدہ طے پانے کے امکانات مضبوط ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب نے یہ دفاعی معاہدہ گزشتہ برس ستمبر میں ریاض میں دستخط کیا تھا، جس کے تحت دونوں ممالک کسی ایک پر حملے کو مشترکہ حملہ تصور کریں گے۔

رپورٹ کے مطابق ترکیہ اس معاہدے کو سیکیورٹی تعاون اور دفاعی ڈیٹرنس مضبوط بنانے کا ذریعہ سمجھتا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب نیٹو اور امریکی سیکیورٹی ضمانتوں پر سوالات اٹھ رہے ہیں، اگرچہ امریکا تینوں ممالک کے ساتھ قریبی فوجی تعلقات رکھتا ہے۔

بلومبرگ کا کہنا ہے کہ جنوبی ایشیا، مشرقِ وسطیٰ اور افریقہ میں ترکیہ، پاکستان اور سعودی عرب کے اسٹریٹجک مفادات میں بڑھتی ہم آہنگی اس ممکنہ شمولیت کو منطقی توسیع بناتی ہے۔

سرکاری ردعمل اور علاقائی پس منظر

تجزیہ کاروں کے مطابق سعودی عرب مالی وسائل فراہم کرتا ہے، پاکستان کے پاس جوہری صلاحیت، بیلسٹک میزائل پروگرام اور تربیت یافتہ افرادی قوت موجود ہے، جبکہ ترکیہ جدید دفاعی صنعت اور عملی عسکری تجربہ رکھتا ہے۔

انقرہ میں قائم تھنک ٹینک ٹیپاَو کے ماہر نیہت علی اوزجان کے مطابق بدلتی علاقائی صورتحال اور جاری تنازعات ممالک کو نئے سیکیورٹی اتحاد قائم کرنے پر مجبور کر رہے ہیں۔

پاکستان کی وزارت اطلاعات اور ترکیہ کی وزارت دفاع نے اس پیش رفت پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا، جبکہ سعودی حکام کی جانب سے بھی فوری ردعمل سامنے نہیں آیا۔ رپورٹ کے مطابق ترکیہ اور سعودی عرب کے تعلقات میں یہ پیش رفت کئی برس کی کشیدگی کے بعد ایک نئے مرحلے کی عکاس ہے۔

پاکستان اور ترکیہ پہلے ہی قریبی دفاعی شراکت دار ہیں۔ ترکیہ پاکستان نیوی کیلئے جنگی بحری جہاز تیار کر چکا ہے، پاکستان ایئر فورس کے ایف-16 طیاروں کی اپ گریڈیشن میں بھی معاونت فراہم کر رہا ہے، جبکہ ڈرون ٹیکنالوجی اور ففتھ جنریشن فائٹر پروگرام میں تعاون کی پیشکش بھی شامل ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top