pakistan-imports-trade-deficit-34billion درآمدات میں ریکارڈ اضافہ

پاکستان کی درآمدات میں ریکارڈ اضافہ، تجارتی خسارہ 19 ارب ڈالر سے تجاوز

اسلام آباد (سی این پی) پاکستان نے حالیہ چھ ماہ میں دیگر ممالک سے 34.5 ارب ڈالر کے مختلف اشیا درآمد کیں، جبکہ اسی دوران پاکستانی مصنوعات کی برآمدات صرف 15 ارب ڈالر رہیں۔ اس دوران پاکستان کا تجارتی خسارہ 35.52 فیصد اضافے کے ساتھ 19 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا، جس سے ملکی معیشت پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اسمارٹ فونز، گاڑیاں، خوراک، زرعی آلات، دھاتیں، ٹیکسٹائل اور دیگر درآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ جولائی تا دسمبر کے عرصے میں خوراک کی درآمدات 4.63 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 21.71 فیصد زیادہ ہیں۔ اس میں چینی، دودھ، مکھن، کریم، خشک میوے، چائے، مصالحے، سویا اور پام آئل شامل ہیں۔ پاکستانی صارفین نے اس عرصے میں تقریباً 90 ارب روپے کی درآمدی چائے استعمال کی۔

اسی دوران اسمارٹ فونز کی درآمدات تقریباً 1 ارب ڈالر تک پہنچیں، جن کی مقامی کرنسی میں مالیت 271 ارب روپے بنتی ہے۔ صرف دسمبر میں 16 کروڑ ڈالر یعنی 45 ارب روپے کے فون درآمد ہوئے، جب کہ موبائل سے متعلق سامان کی درآمد 35 کروڑ ڈالر (100 ارب روپے) رہی۔

ٹیکسٹائل، مشینری اور گاڑیوں کی درآمدات بھی بڑھی ہیں۔ چھ ماہ میں ٹیکسٹائل اور مشینری کی درآمد 5 ارب ڈالر ریکارڈ ہوئی، جبکہ درآمدی گاڑیوں، بسوں، ٹرکوں، پرزہ جات، جہاز اور کشتیاں تقریباً 2 ارب ڈالر میں درآمد کی گئیں۔

اس کے علاوہ ربڑ کی مصنوعات، ٹائر، لکڑی، پیپر بورڈ، پیٹرولیم مصنوعات، زرعی آلات اور دھاتیں بھی بڑی مقدار میں درآمد کی گئیں۔ چھ ماہ میں پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد 8 ارب ڈالر، زرعی سامان 5.37 ارب ڈالر اور دھاتیں 3.23 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔ خام کپاس، سنتھیٹک فائبر اور سلک دھاگے سمیت ٹیکسٹائل مصنوعات کی درآمد 3.37 ارب ڈالر رہی۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top