online-fraud

کمبوڈیا، آن لائن فراڈ کیخلاف کریک ڈاؤن، 2 ہزار سے زائد غیرملکی گرفتار

نوم پنہ: کمبوڈیا میں آن لائن فراڈ کے خلاف جاری ملک گیر کریک ڈاؤن کے دوران سکیورٹی اداروں نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے دو ہزار سے زائد غیرملکی شہریوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ کارروائیاں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب جنوب مشرقی ایشیا میں سائبر فراڈ نیٹ ورکس کے پھیلاؤ نے علاقائی سکیورٹی، معاشی استحکام اور سماجی تحفظ کے لیے سنگین خطرات پیدا کر دیے ہیں، جس پر کمبوڈین حکومت سخت مؤقف اختیار کیے ہوئے ہے۔

کمبوڈین حکام کے مطابق حالیہ کریک ڈاؤن کے دوران مجموعی طور پر 2044 غیر ملکی مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا، جن کا تعلق مختلف ملکوں سے ہے۔ یہ گرفتاریاں جنوب مشرقی صوبہ سوائے ریئنگ کے سرحدی شہر باویٹ میں کی گئیں، جہاں ویتنامی سرحد کے قریب واقع ایک بڑے کیسینو کمپلیکس پر چھاپے مارے گئے۔ اس کارروائی میں مجموعی طور پر 22 عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا، جہاں آن لائن فراڈ نیٹ ورکس سرگرم تھے۔

اے پی پی کے مطابق کمبوڈیا کی وزارت داخلہ کے ترجمان ٹچ سوکھاک نے کہا ہے کہ گرفتار کیے گئے مشتبہ افراد کا تعلق آٹھ مختلف قومیتوں سے ہے، اور یہ کارروائی اس عزم کا واضح ثبوت ہے کہ کمبوڈین حکومت آن لائن فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف کسی قسم کی نرمی نہیں برتے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کمبوڈیا مجرموں کے لیے محفوظ پناہ گاہ نہیں بلکہ قانون شکن عناصر کے لیے ایک سخت ریاست ہے۔

حکام کے مطابق کمبوڈیا نے سائبر فراڈ اور آن لائن جرائم کے خلاف غیر معمولی سطح پر ملک گیر آپریشن شروع کر رکھا ہے، جس کا مقصد امن عامہ، قومی سلامتی اور سماجی تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ ان کارروائیوں کے دوران متعدد غیر قانونی کال سینٹرز، فراڈ نیٹ ورکس اور ڈیجیٹل جرائم میں استعمال ہونے والے ڈھانچوں کو ختم کیا جا چکا ہے۔

7 ماہ میں 5 ہزار سے زائد مشتبہ گرفتار

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سات ماہ کے دوران کمبوڈیا میں آن لائن فراڈ کے خلاف کارروائیوں میں 23 مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے مجموعی طور پر 5106 مشتبہ افراد گرفتار کیے گئے، جن میں سے 4534 افراد کو قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ان کے آبائی ممالک واپس بھیج دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا اور سائبر جرائم میں ملوث نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top