راولپنڈی: افغانستان کی جانب سے پاکستان میں ڈرون حملوں کے ذریعے خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ پاک فوج نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے افغان ڈرون حملہ ناکام بنا کر تمام ڈرونز کو اہداف تک پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کر دیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ اقدام پاکستانی عوام کو ہراساں کرنے کی ایک منظم کوشش تھی جسے بروقت دفاعی کارروائی سے ناکام بنا دیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق افغانستان کی جانب سے پاکستان کے عوام کو ہراساں کرنے کے لیے ڈرون حملوں کی کوشش کی گئی تاہم سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام ڈرونز کو تباہ کر دیا۔ ان ڈرونز کو سافٹ اور ہارڈ کِل طریقوں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا جس کے باعث بھیجے گئے ڈرون اپنے اہداف تک نہیں پہنچ سکے۔
ڈرونز کے ملبے سے کوئٹہ میں دو بچے جبکہ کوہاٹ اور راولپنڈی میں ایک ایک شہری زخمی ہوا۔ حکام کے مطابق یہ حملے عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کی مذموم کوشش تھے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج اور عوام ان عناصر کی اصل فطرت اور عزائم سے بخوبی آگاہ ہیں۔ ایک جانب وہ عالمی ہمدردی حاصل کرنے کے لیے خود کو متاثرہ فریق ظاہر کرتے ہیں جبکہ دوسری جانب دہشت گرد پراکسیوں اور ڈرونز کے ذریعے شہریوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔
آپریشن غضبُ اللحق جاری رکھنے کا اعلان
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن غضبُ اللحق اس وقت تک جاری رہے گا جب تک افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف ہونے والی دہشت گردی کے بنیادی مسئلے کو حل نہیں کیا جاتا۔ بیان میں واضح کیا گیا کہ پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کی ہر صورت، بشمول ڈرون حملوں، کے خلاف ثابت قدم ہیں اور عوام کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام جاری رکھا جائے گا۔









