اسلام آباد: حکومت نے صنعتی صارفین کو سہولت فراہم کرنے اور بجلی کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانے کے لیے ملٹی ٹیرف نظام متعارف کرانے پر غور شروع کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد بجلی کے استعمال میں توازن قائم کرنا اور صنعتی شعبے کو بہتر سہولت فراہم کرنا ہے۔
ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق مجوزہ نظام کے تحت ٹائم آف یوز کے ذریعے صنعتی صارفین کو مختلف اوقات میں مختلف نرخوں پر بجلی استعمال کرنے کا اختیار دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ فکسڈ چارجز زیادہ سے زیادہ طلب کی بنیاد پر مقرر کیے جائیں گے، جس سے بجلی کی کھپت کو بہتر انداز میں منظم کیا جا سکے گا۔
آف پیک اوقات میں استعمال کی ترغیب
پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ نئے ملٹی ٹیرف نظام (multi tariff system) کے تحت صنعتوں کو آف پیک اوقات میں بجلی استعمال کرنے کی ترغیب دی جائے گی، جس سے پیک اوقات میں طلب کم ہوگی اور بجلی کے نظام پر دباؤ میں کمی آئے گی۔
ترجمان کے مطابق اس اقدام سے بجلی کی بچت کے ساتھ ساتھ سستی بجلی کی فراہمی ممکن ہوگی، جس سے صنعتی پیداوار اور عالمی منڈی میں مسابقت میں اضافہ متوقع ہے۔
سٹیک ہولڈرز سے مشاورت
پاور ڈویژن نے مجوزہ ٹیرف کے حوالے سے سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت صنعتی صارفین اور چیمبرز آف کامرس کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ اس سلسلے میں ملٹی ٹیرف ٹائم آف یوز نظام پر آن لائن مشاورتی کانفرنس 26 مارچ کو منعقد ہوگی۔
حکام کے مطابق پاور سیکٹر میں اصلاحات سے نہ صرف توانائی کے مؤثر استعمال کو فروغ ملے گا بلکہ طویل مدتی معاشی ترقی میں بھی مدد حاصل ہوگی۔









