Diabetes Type 2

2 عادات جو آپ کو ذیابیطس سے محفوظ رکھ سکتی ہیں

ذیابیطس ٹائپ 2 ایک دائمی مرض ہے جس سے متعدد طبی پیچیدگیوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے جبکہ معیار زندگی بھی متاثر ہوسکتا ہے، تاہم طرز زندگی میں بعض مثبت تبدیلیاں اپنا کر اس بیماری سے خود کو محفوظ رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔

ایک نئی طبی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ الٹرا پراسیس غذاؤں کا استعمال محدود کرنے اور ورزش کو معمول بنانے سے ذیابیطس ٹائپ 2 سے متاثر ہونے کا خطرہ کم کیا جاسکتا ہے، حتیٰ کہ جینیاتی طور پر اس بیماری کا خطرہ زیادہ ہونے والے افراد بھی اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

ہانگ کانگ یونیورسٹی کی تحقیق میں 56 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا، جو یوکے بائیو بینک سے حاصل کیا گیا تھا۔ تحقیق میں شامل افراد سے الٹرا پراسیس غذاؤں کے استعمال اور جسمانی سرگرمیوں کے دورانیے سے متعلق سوالناموں کے ذریعے معلومات حاصل کی گئیں۔

تحقیق کے دوران چہل قدمی، سائیکلنگ، ہائیکنگ اور تیز رفتاری سے چہل قدمی سمیت کھیلوں میں حصہ لینے، گھریلو کام کاج اور باغبانی کو بھی جسمانی سرگرمیوں میں شامل کیا گیا۔ ان افراد کی صحت کا اوسطاً 8 سال تک جائزہ لیا گیا، جس دوران 926 افراد میں ذیابیطس ٹائپ 2 کی تشخیص ہوئی۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ الٹرا پراسیس غذاؤں کا زیادہ استعمال ذیابیطس ٹائپ 2 سے متاثر ہونے کے خطرے میں اضافے سے منسلک ہے، جبکہ جسمانی سرگرمیوں کو معمول بنانے سے اس خطرے میں کمی دیکھی گئی۔

تحقیق کے مطابق الٹرا پراسیس غذاؤں کے استعمال سے جسمانی وزن میں اضافے کے باعث ذیابیطس ٹائپ 2 کا خطرہ 7 سے 10 فیصد تک بڑھ سکتا ہے۔ اس کے مقابلے میں ہر ہفتے 150 منٹ کی جسمانی سرگرمیوں سے ذیابیطس ٹائپ 2 سے متاثر ہونے کا خطرہ 39 فیصد تک کم ہوسکتا ہے۔

مزید تجزیے سے عندیہ ملا کہ الٹرا پراسیس غذاؤں کا کم استعمال اور ورزش کو عادت بنانے سے جینیاتی طور پر ذیابیطس ٹائپ 2 کے زیادہ خطرے سے دوچار افراد بھی ذیابیطس سے محفوظ (protected from diabetes) رہنے میں مدد حاصل کرسکتے ہیں۔

ایسے افراد میں الٹرا پراسیس غذاؤں کے کم استعمال اور ورزش کرنے سے ذیابیطس ٹائپ 2 سے متاثر ہونے کا خطرہ 33 سے 35 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔

محققین نے یہ بھی دریافت کیا کہ ورزش کرنے سے الٹرا پراسیس غذاؤں کے استعمال سے مرتب ہونے والے منفی اثرات کو کم کیا جاسکتا ہے۔

محققین نے کہا کہ نتائج سے واضح ہوتا ہے کہ طرز زندگی میں تبدیلیوں سے اس دائمی مرض سے خود کو محفوظ رکھنے میں مدد ملتی ہے۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ تحقیق کے نتائج کسی حد تک محدود ہیں کیونکہ اس میں وجہ کا تعین نہیں ہوسکا، تاہم تحقیق سے یہ ضرور عندیہ ملتا ہے کہ صحت کے لیے مفید غذاؤں کے استعمال اور جسمانی سرگرمیوں کو معمول بنانے سے ذیابیطس ٹائپ 2 کے خطرے کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

محققین کے مطابق تحقیق سے یہ بھی واضح ہوتا ہے کہ جینیاتی خطرہ ذیابیطس ٹائپ 2 سے بچاؤ کی کوششوں میں رکاوٹ نہیں بنتا اور طرز زندگی میں مثبت تبدیلیاں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔

اس تحقیق کے نتائج یورپین ایسوسی ایشن فار دی اسٹڈی آف ڈائیبیٹس کی سالانہ کانفرنس کے موقع پر پیش کیے گئے۔

صحت کی تازہ ترین خبریں پائیں اب واٹس ایپ پر

آگے آپ کہاں جانا چاہیں گے؟

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top