کراچی کے علاقے سائٹ احسن آباد میں ایک فلیٹ سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جن میں ڈاکٹر، اس کی بیوی اور 3 بچے شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق تمام لاشیں کئی روز پرانی ہیں جبکہ فلیٹ کے دروازے اندر سے بند تھے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے لاشوں کو تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کردیا اور مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
پولیس کے مطابق سائٹ احسن آباد کی ایک عمارت کی ساتویں منزل پر واقع فلیٹ کے ایک کمرے سے میاں بیوی اور ان کے 3 بچوں کی لاشیں ملی ہیں۔ مرنے والا شخص ڈاکٹر اور گھر کا کفیل تھا جبکہ پانچوں لاشیں کئی روز پرانی ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق 5 افراد کی لاشیں برآمد ہونے کے واقعے (5 people found dead) کی اطلاع ملنے پر تمام لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فلیٹ کے دروازے اندر سے بند تھے اور موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم کے بعد ہی سامنے آئے گی۔
ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ نے بتایا کہ لاشیں فلیٹ کے ایک کمرے سے ملی ہیں۔ ان کے مطابق لاشوں کی شناخت اور واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ پوسٹ مارٹم کے بعد ہی موت کی اصل وجہ سامنے آسکے گی۔
پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ ممکنہ طور پر مرنے والے افراد نے خودکشی کی ہے، تاہم موت کی حتمی وجہ پوسٹ مارٹم اور جاری تحقیقات کے بعد ہی واضح ہوسکے گی۔
دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار نے واقعے پر ایس ایس پی ایسٹ سے تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ انہوں نے ابتدائی پولیس کارروائی اور ایکشن سے فوری آگاہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کی تفتیش و تحقیق کے ذریعے حتمی نتائج سامنے لائے جائیں۔
وزیر داخلہ سندھ نے ایس ایس پی ایسٹ کو اپنی نگرانی میں واقعے کی تفتیش مؤثر اور مربوط انداز میں مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
بریکنگ نیوز اور تازہ ترین خبریں اب پائیں فون پر — وزٹ خبرنامہ ڈیجیٹل واٹس ایپ چینل
آگے آپ کہاں جانا چاہیں گے؟









