کراچی (ویب ڈیسک) کراچی میں کانگو وائرس سے متاثرہ ایک اور شخص جان کی بازی ہار گیا، محکمہ صحت سندھ کے مطابق شہر میں رواں سال اس وائرس سے اموات 5 ہوگئیں۔
کانگو سے متاثرہ 28 سالہ زبیر کا تعلق کراچی کے علاقے لانڈھی سے تھا، اور وہ جناح ہسپتال میں زیرعلاج تھا اور بیماری کی تاب نہ لاکر چل بسا۔ رواں سال جون میں شہر قائد میں وائرس سے 2 اموات ہوئی تھیں جبکہ جولائی میں بھی شخص میں کانگو وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق سندھ میں رواں سال کانگو وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 6 ہوگئی ہے، کانگو وائرس سے 5 اموات کراچی اور ایک ٹھٹہ میں ہوئی، کراچی میں پانچوں اموات ضلع ملیر میں ہوئیں۔
ڈبلیو ایچ او کے مطابق یہ وائرس انسان سے انسان میں بھی منتقل ہو سکتا ہے، خاص طور پر متاثرہ شخص کے خون، اعضا یا دیگر جسمانی مادّوں سے قریبی رابطے کی صورت میں۔ اس وائرس کی علامات اچانک ظاہر ہوتی ہیں جن میں بخار، پٹھوں میں درد، چکر آنا، گردن میں درد اور اکڑن، کمر درد، سر درد، آنکھوں میں جلن اور روشنی سے حساسیت شامل ہے۔









